۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
ڈومکی پریس کانفرنس

حوزہ / علامہ مقصود ڈومکی نے بلوچستان کے علماء کرام کی بی جے پی حکومت کی جانب سے گستاخیوں کے خلاف مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا:حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ مقصود ڈومکی نے بلوچستان کے علماء کرام کی بی جے پی حکومت کی جانب سے گستاخیوں کے خلاف مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت ہے۔ بی جے پی کا دور اقتدار مسلمانوں کے خلاف ظالمانہ طرز حکومت پر مبنی ہے اور اسلام دشمن سامراجی قوتیں مسلمانوں پر چاروں طرف سے حملہ آور ہیں۔ عالمی سامراج ہر دہشتگردی کو اسلام سے جوڑتی ہے،جبکہ دہشت گردی کا بانی خود امریکہ، اسرائیل اور انڈیا ہے۔ اسلاموفوبیا کے ذریعے لوگوں کو اسلام سے دور کیا جارہا ہے۔ پاکستان کے مسلمان فلسطین اور کشمیر سے کبھی غداری نہیں کرینگے اور اگر حکمرانوں نے فلسطین یا کشمیر سے غداری کی تو انہیں قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

بلوچستان کے علماء کرام کی بی جے پی حکومت کی جانب سے گستاخیوں کے خلاف مشترکہ پریس کانفرنس کی تفصیل درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

ان الذین یوذون اللہ و رسولہ لعنھم اللہ فی الدنیا والآخرۃ و اعدلھم عذابا مھینا ( سورہ احزاب آیت 57)

ترجمہ۔ یقیناً جو لوگ خدا اور اس کے رسول کو ستاتے ہیں ان پر دنیا اور آخرت میں خدا کی لعنت ہے۔ اور خدا نے ان کے لئے رسوا کن عذاب مہیا کر رکھا ہے۔ القرآن

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

معزز صحافی حضرات؛ السلام علیکم

آج کی پریس کانفرنس کا مقصد اسلام دشمن سامراجی قوتوں کی جانب سے وقتاً فوقتاً اسلام، قرآن کریم اور پیغمبر اسلام سرور کونین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی پر اسلام دشمنوں کی طرف سے توہین اور گستاخی پر احتجاج کرنا ہے۔

ہندوستان کی حکمران انتہا پسند جماعت بی جے پی کا دور اقتدار مسلمانوں کے خلاف ظالمانہ طرز حکومت پر مبنی ہے۔ مسلمان خواتین سے پردہ چھیننا اور ہندوستانی مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر حملہ قابل مذمت ہے۔

بہت ہی افسوس کی بات ہے کہ ہر کچھ عرصے کے بعد مختلف ممالک میں ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت اسلام دشمن عناصر پیغمبر اسلام سید الانبیاء محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قرآن کریم کی ذات گرامی کی اہانت کر کے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کے مرتکب ہوتے ہیں۔

اسلام دشمن سامراجی قوتیں چاروں طرف سے مسلمانوں پر حملہ آور ہیں کیونکہ وہ یہ بات اچھی طرح سمجھتی ہیں کہ دین مقدس اسلام ان کے شیطانی استکباری اور استعماری عزائم کے سامنے سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس لئے وہ دین اسلام اور امت مسلمہ کے خلاف چاروں طرف سے حملہ آور ہیں۔ ایک طرف سے وہ دین اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنے کے لئے دہشت گرد گروہوں کو پالتے ہیں، ان کی ٹریننگ کرتے ہیں، ان کو سرمایہ دیتے ہیں اور پھر وہ دہشت گرد عالمی استکبار اور سامراجی قوتوں کی سرپرستی میں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہاتے ہیں۔ مگر ان سب کے باوجود اس سب کا الزام مسلمانوں پر ہی لگایا جاتا ہے۔

دوسری طرف سے پوری دنیا کے اندر اسلامو فوبیا کے ذریعہ لوگوں کو اسلام سے دور کرنے کی مہم جاری ہے۔ حالانکہ مسلمان کشمیر، فلسطین، روہنگیا، برما سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں سب سے زیادہ دہشت گردی کے نشانے پر ہیں اور یہ دہشت گردی کسی اور کی طرف سے نہیں بلکہ عالمی استکبار خصوصاً امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کی سرپرستی میں جاری ہے۔

معزز صحافی حضرات

وطن عزیز پاکستان میں غاصب اسرائیل کو تسلیم کرانے کے لئے سازشوں کا آغاز ہوچکا ہے مگر پاکستان کے غیرت مند مسلمان کبھی بھی کشمیر اور فلسطین سے غداری نہیں کریں گے اور نہ ان غداروں کو معاف کریں گے جو تحریک آزادی فلسطین و کشمیر کی پیٹھ میں خنجر گھونپتے ہیں۔ حضرت قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے کہا تھا کہ "اسرائیل امتِ مسلمہ کے دل میں خنجر کی مانند ہے"۔ پاکستان کی ریاست اور عوام اسرائیل کو ایک غاصب اور ناجائز ریاست سمجھتے ہیں۔ شیطان بزرگ امریکہ اور ان کے غلاموں کی جانب سے پاکستان پر اسرائیل غاصب کو تسلیم کرنے کے حوالے سے دباؤ قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ پاکستانی قوم قبلۂ اول بیت المقدس، مسجد اقصیٰ، فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لئے ہر قدم پر ساتھ ساتھ رہے گی۔

آخر میں ہم اسرائیل اور صیہونی لابی کی جانب سے فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شان میں گستاخانہ فلم "عنکبوت مقدس" کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی استکبار اور سامراجی قوتوں کی شیطنت سمجھتے ہیں۔ امت مسلمہ کی دین مقدس اسلام، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اہل بیت علیہم السلام اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت کو اسلام دشمن قوتیں کبھی بھی کم نہیں کر سکتیں۔ دنیا بھر کے مسلمان اپنے اتحاد و وحدت اور اسلامی اخوت کے ذریعے اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ تمام مسلمان شیعہ، سنی، دیوبندی، بریلوی سب مل کر قبلۂ اول بیت المقدس اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کریں گے۔

شرکائے پریس کانفرنس:

علامہ مقصود علی ڈومکی۔ مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مولانا عبد الحق ہاشمی امیر جماعت اسلامی بلوچستان و صوبائی صدر ملی یکجہتی کونسل

پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی صوبائی امیر جماعت اھل سنت بلوچستان

معراج خان کاکڑ چیئرمین پاکستان پیٹریاٹک یوتھ

عبدالہادی کاکڑ چیئرمین گرین پاکستان پارٹی

علامہ شیخ ولایت حسین جعفری صوبائی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان

علامہ سہیل اکبر شیرازی صوبائی ترجمان ایم ڈبلیو ایم

ڈاکٹر عطاء الرحمٰن صوبائی صدر جمعیت اتحاد العلماء بلوچستان

علامہ سید رضا اخلاقی صوبائی رہنما شیعہ علماء کونسل بلوچستان

علامہ ذوالفقار علی سعیدی صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم

نبیل خان گرین پاکستان پارٹی

محمد یونس ضلعی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم

مولانا فضل ربی صوبائی صدر جماعت غرباء اھل حدیث

اقتدار آحمد خان ناظم دعوت تنظیم اسلامی پاکستان و تحریک خلافت

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .